نظم : مابعد کرونا

Oct 31, 2020

مصنف

سیمیں درّانی

شمارہ

شمارہ - ١٢

مابعد کرونا

منکر نکیر

تم کافر ہو

تمہاری ڈیڑھ بالشت سے ایک انچ کم ہے

تم فاحشہ ہو

تمہاری ران سے میری نظر ہٹتی نہیں

میں تو وضو میں ہوں

ایمان کامل کا مالک

روزہ نہیں ٹوٹے گا

مگر وہ جینز والا لونڈا

اسکی زپ نہ ٹوٹ جائے

کہ تمہاری عبا سے چھاتیاں ڈھلک سی رہیں

یہ میری رال نہیں

روزے میں بھی منہ تر ہی رہتا

کہ تمام رات قیام کرتا

جب پڑوسی اپنے سیل پہ پورن دیکھتا

مجھے یقین ہے

ورنہ شجر ممنوعہ والا فون

کس کام کا

یہ جو بڈھی گزری ابھی

خضاب رنگی

اس عمر میں رجھانے کا کیا فائدہ

بالوں کی سپیدی

پاکیزگی کی ضامن ہے

فحش عورت

ساٹھ کے ہندسے کو چھو کر بھی

لب دنداسے سے لالیں کیے

پرانے یار کی تلاش میں ہوگی

سفید کوٹھی پہ علم

کیا انکو کرونا سے بچا پائے گا؟

یہ وظیفہ جو وائرل پہ دیکھا ابھی

صرف سنی عقیدہ ہی بچ پائے گا

محرم کے کونڈے

تم جو کھاتے نہیں

جعفر نہ ہوتے تو کیا

تم امتی ہونے کے لائق کہلوا پاتے

گو خلیفہ کا انتخاب سیاست ہی تھا

مگر آج بھی

ہم تمہاری تین نسلوں کے قائل نہیں

سینے پہ ہاتھ رکھو

قیام کا طریق اپنانے میں تفریق رکھنے والوں کو

باہر دھکیلو

کہ

اس جا کے لیے

تم چندہ دینے سے گریزاں تھے

انا للہ ۔۔۔ مر گیا

بہت ہی بدکار تھا

جبھی تو جنازہ بھاری

میرا کندھا ہل گیا

ایک ٹھنڈی بوتل پلانا

جہنم کی آگ مجھے دفناتے ہی محسوس ہوگئی

وہ جو سامنے گھر میں جوان لڑکا لڑکی رہتے

کیا ثبوت کہ زانی نہیں

نکاح نامے کا سوال کون اٹھائے۔

محلہ کمیٹی

میں ہوش کھو بیٹھا

قصور بچی کا تھا

اسکی چوڑیوں کی کھنک سے

مجھے سہاگ رات یاد آگئی

میں بہک گیا

میرا سر مونڈھتے ہو

داڑھی سنت ہے اسکو مت چھیڑنا

وہ بچہ جو کچرے میں لپٹا گرا

وہ حرام نہیں

بیٹی ہے

مگر،

ساتویں۔۔۔۔

اب تو کتے بھی کھا گئے

عضو بچ گیا تو سارے ہی پہچان گئے

فجر سے واپسی جو تھی

رات کا اندھیرا گناہ لاتا ہے

ٹچ سکرین کا ٹچ

نس نس کو مس کرواتا ہے

بیوی بہکی ہوئی

شوہر شوگر زدہ

ورنہ اسکو کیا ضرورت ہے سنگھار کی

سنا ہے وبا جانے والی نہیں

یہود و نصاری کے گناہوں کی سزا

کہ ہم تو پاپی نہیں

ہم ہیں منکر نکیر

سیمیں درانی

خریدیں

رابطہ

مدیران دیدبان

مندرجات

شمارہ جات

PRIVACY POLICY

Terms & Conditions

Cancellation and Refund

Shipping and exchange

All Rights Reserved © 2024