نیا عالمی چیپٹر
نیا عالمی چیپٹر
Jan 9, 2022
نیا عالمی چیپٹر
..........
نعیم بیگ(لاہور، پاکستان)
.......
ممکنہ طور پر آج میری زندگی کا آخری دن ہے۔ گھڑی بھر میں فیصلہ سامنے آنے والا ہے۔ یہاں غداری کی سزا نئی زندگی ہے۔
کھڑکی سے باہر پانی میں روشنی کم نظر آنے سے احساس ہوا کہ سطح سمندر پر شام اپنے پر پھیلا چکی ہے۔ ابھی چند لمحے پہل مجھے سرخ شراب سے لبریز ایک پیمانہ اور خشک میوے کا بھرا ہوا پیالہ دیا گیا ہے۔ کل رات مجھے یہاں لایا گیا تھا ۔ یہ سوئیڈن سے اوپر شمال کی جانب نارویجئن سمندروں کے نیچے سائنسدانوں کی عالمی لیبارٹری ہے۔ میں یہاں پہلے بھی ریسرچ کے لئے آچکا ہوں۔لیکن آج میں میز کی دوسری طرف ہوں۔ میرے فکری انکار پر میری ذہنی کیفیت جانچنے کے لئے مجھے یہاں لایا گیا ہے۔ انھیں یہ ریسرچ کرنی ہے کہ ان کا سدھایا ہوا انسان منحرف کیسے ہو سکتا ہے۔
یہاں انویسٹیگیشن کا طریقہ الگ ہے۔ذہنی یا جسمانی ریمانڈ نہیں لیا جاتا بلکہ سہولیات دے کر نفسیاتی طور پر جرم کے ارتکاب کے پس پردہ محرکات کو بے نقاب کیا جاتا ہے۔جینیٹک انجینئرنگ کی مدد لی جاتی ہے۔مسلسل انسانی حرکات کو پرکھا جاتا ہے۔ تاکہ عالمی اداروں سے دوبارہ ایسی غلطی سرزد نہ ہوسکے۔ گو مروجہ قانونی سزائیں دینا ان کے لئے مشکل نہیں تاہم انسان کی قدر ان کے ہاں دولت سے بڑھ کر کبھی نہیں رہی۔ وہ جب چاہیں انسان خرچ کردیں۔
کچھ دیر پہلے میرے پسندیدہ ہوانا کے سگارمیرے قریب رکھ دئے گئے تھے ۔ ایسے وقت میں ان کی تعریف کئے بِنا نہیں رہ سکتا کہ انھوں نے باوجود تمام تر نفرت جو میرے انکار سے ان کے نظام میں خلل پڑنے سے پیدا ہوئی۔ وہ معلوم دشمن کے جذبات کا احساس اس آخری وقت میں بھی روا رکھے ہوئے ہیں۔
’’یہ لوگ برسوں سے رائج نظام کے ہاتھوں یرغمال بننے والے اپنے غلاموں کا خیال رکھتے ہیں۔تم یہ دیکھنا۔ ڈارلنگ!‘‘
یہ بات مجھ سے میری امریکن دوست کیترین نے کئی روز پہلے اس وقت کہی تھی۔ جب میں نے اپنی بغاوت کے بارے اسے بتایا تھا۔
کیترین کو پیار سے میں درگا ماں کہتا ہوں۔ درگا اُس وقت لیک چارلس یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف بائیولوجیکل ریسرچ میں رات دیر گئے تک کام کرنے کے بعد واپس گھر جا رہی تھی۔ اِس نے میرا فون سنتے ہی کہا۔
’’سرخ‘میں گھر پہنچ کر تمہیں فون کرتی ہوں ۔ بس دس منٹ دے دو۔ ‘‘
گھر پہنچتے ہی اس کی ویڈیو کال آگئی۔ اس کا خیال تھا کہ ہم فاصلوں کے اسیر ہیں تو کیا ہوا‘ ہم انھیں یوں دور بھی تو کر سکتے ہیں۔ میں اس کا کرب سمجھتا ہوں ۔وہ ہمیشہ دل کی گہرایوں سے میرے قرب کی متلاشی رہی جب کہ میں عمل کا اسیر تھا خوابوں میں رہنے سے گھبراتا رہا۔
مجھے وہ خوشگوار دن اچھی طرح یاد ہے۔ ابھی نائن الیون گزرے تین برس ہی ہوئے تھے کہ عالمی ادارے نے مجھے ویانا سے اپنی ڈاکٹریٹ کے دوران پہلی بار نیویارک میں مختلف یونیورسٹیوں کے طالب علموں کے ساتھ سٹدی ٹور پر بلایا۔ میں اُن دنوں ’عالمی معیشت کا نیا چہرہ ‘ جیسے حساس موضوع پر مقالہ لکھ رہا تھا۔
نیویارک میرے خوابوں کا شہر ' مین ہٹن کی درجنوں بلند و بالا عمارتوں پر لگی دیو قامت سنیما سکرینیں جس پر دوڑتے پھرتےانسانی تصور سے بڑی انسانی حیات و ممات، خوفناک مونسٹرز کی فلمی لڑائیاں ، انجان طاقتوں کے سرچشمے نئے عالمی کردار سپائیڈر مین سے آئرن مین اور ہیری پورٹر تک انسانی حیات کے محافظ بن کر نیویارک کو ایسے شہر میں بدل دیتے ہیں جو کارپوریٹ دنیا کی اولین ورچوئیل آبادکاری میں مضبوط مالی کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسے شہر سرمایہ کی دوڑ میں خرچ ہوجانے والے ایندھن کی پروا نہیں کرتے صرف انھیں زندہ رکھتے ہیں تاکہ بیک وقت سرمایہ اور نظام دونوں چلتے رہیں۔
اسی سٹڈی ٹور میں مجھے کیترین ملی‘ جو شام تک میری بہترین دوستوں میں شامل ہو چکی تھی۔ کیترین کا ساتھ، معنی خیز مکالمے، گورے جسم کا حرارت خیز قرب اور نیویارک کی کارپوریٹ فضا نے ترقی پذیر اور پابندیوں میں جکڑے ملک کے شہری کو سحر آگیں کر دیا تھا۔
کیترین یوں تو استاد ہے لیکن ساتھ ہی بہترین آرٹسٹ اور سنگر ہے۔ ذہانت و فطانت کی پیکر وہ اپنے ہزاروں مداحوں میں بے حد مقبول ہے۔ اس کا سنگ بہاروں میں پھولوں پر اڑتی چہکتی تتلی اور شاخ پر بیٹھی کوئل جیسا ہے‘جنھیں مدھر گیت گانے کے سوا اور کچھ نہ آتا ہو۔ وہ حبس زدہ اعداد و شمار کی پاور پوائنٹ دنیا میں بادِ نسیم کا ایک مہکتا جھونکا ہے۔
میں جب بھی کیترین کی ہشت پہلو فعالیت کو دیکھتا تو نفیسہ کا ہیولہ سامنے ابھر آتا۔ وہی قدو قامت، وہی انسانی ہمدردی اور حساسیت‘ وہی آٹھ ہاتھوں والی میری درگا ماتا دیوی ‘جو ہمارے جوان ہونے سے پہلے ہی ہم سے بچھڑ گئی اور اب کیترین کے روپ میں سامنے آئی ہے۔
اگلے روز ہمارا پڑاؤ وال اسٹریٹ پر تھا۔ وہ میرے مضمون سے جڑت رکھتا تھا۔ وہاں میں کیترین کو بھول گیا ۔عالمی معیشت اور اس کے عظیم گلوبل منصوبوں کی زیرِ سطح خفیف سی جھلک نے میرے اندر عالمی ادارے کو جائن کرنے کی لگن پیدا کر دی ۔ جوں جوں میں مالی منصوبوں اور ان کی شماریات کے در وبست میں داخل ہوتا گیا مجھ پر گریٹ گیم ‘انڈر ورلڈ کارپوریٹ‘ گلوبل امورٹائزیشن اور محدود فِسکل الٹروزیئم جیسی اصطلاحات اپنی معنیٰ خیزی میں اسیر کرتی رہیں۔
یہ سب اکیسویں صدی کے عالمی خواب تھے۔
اب میں ان کے لیے کارآمد اور ایک نیا انسان بن چکا تھا۔
’’ اچھا تو تم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ عالمی ادارہ چھوڑ دو گے۔لیکن وہ ایسا سب کچھ کیوں ہونے دیں گے۔انھوں نے تم پر انوسٹمنٹ کی ہے۔ برسوں ٹریننگ کے بعدتمھیں سلیکٹ کیا ہے۔‘‘
’’ کیا وہ اپنے مفادات کو یوں زک پہنچنے دیں گے؟ ‘‘
’’کیترین !تم جانتی ہو میں نے اپنی تمام زندگی ہیومن کاز کے لئے وقف اعداد و شمار میں اسیر کر رکھی ہے۔ میری معیشت فطری عدل سے شروع ہو کر انسان پر ختم ہو جاتی ہے۔ میں ڈاروِن کے الٹروزئیم کا قائل ہوں۔ ‘‘
’’لیکن سرخ سنو۔جب تم جانتے تھے کہ عالمی اداروں میں کیا ہونے جا رہا ہے ۔ اس کے باوجود تم نے حلف لیا۔ ‘‘
’’ ڈارلنگ ! میں دھوکا کھا گیا۔ یہ سب سراب تھا۔ مجھے بتایا گیا تھا کہ ہم انسانی تحفظ کی نئی راہیں استوار کرنا چاہتے ہیں۔لیکن یہاں ’سروائول آف دی فٹسٹ‘ کے معنوں کو بالکل نئی تفہیم دی جا رہی ہے۔ اور اِس کے نتائج کو سرمایہ سے نتھی کرکے انسانیت کو روندا جا رہا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ دولت بڑھ جائے اور اس کا ارتکاز چند لوگوں تک سکڑ جائے ۔ نیو لبرل فلاسفی کا آخری حربہ آزمایا جا رہا ہے۔ جب تک حیات کی گلوبل سطح پر عددی کمی نہ ہوگی۔ ان کے لیے مثبت نتائج سامنے نہیں آئیں گے۔ ‘‘
’’ یہ تمہاری سوچ ہے۔ ممکن ہے ان کے ہاں اس عمل کی دوسری شرح ہو۔ ‘‘
کیترین کی سوچ اب بھی تنقیدی تھی۔
’’ دیکھو ۔۔۔ ڈارون نے کہا تھا۔ ‘‘ میں درمیان میں بول اٹھا ۔
’’یہ مضبوط ترین اقسامِ نوع کی حیات کا مسئلہ نہیں ، نہ ہی ذہین ترین ہونے کا خواب؟ حیاتِ جاوداں اس کی ہوگی جو ارتقاء کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے گا۔‘‘
’’تم بائیولوجیکل سائنس کی استاد ہو خوب جانتی ہو۔ کہ انسانی جدوجہد اپنے ارتقاء کے پروسس میں اگر فطری حیاتیاتی زندگی سے مراجعت کرتی ہے تو انسان کامیاب ہے۔ عالمی چیپٹر اس مراجعت کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے اور غیر فطری انداز میں انسانی حیات کو سکیڑ کر اپنے مفادات کے تحت لانا چاہتا ہے۔
وائلڈسپیسزز کی حیات کو تو پہلے ہی مشکلات درپیش ہیں۔ ہم جنگل ختم کرتے جا رہے ہیں۔ سرمایہ کی غیرمنصفانہ تقسیم دنیا میں ہر قدرتی شے کو کھا رہی ہے۔ ‘‘
’’اچھا اب یہ چاہتے کیا ہیں تم سے؟‘‘ کیترین نے پوچھا ۔
میں اِس لمحے اسے پریشان نہیں کرنا چاہتا تھا۔ اس طرح وہ کمزور ہو جائے گی۔
’’ کچھ نہیں‘ بظاہر وہ مجھے سوچنے کا موقع دے رہے ہیں اور مجھے یہاں لیب میں لے آئیں ہیں۔معلوم نہیں کب کیا ہو جائے؟
تاہم میرے لئے یہ سوچنے کا موقع ہے کہ کیا میں ان کا ساتھ دے سکتا ہوں یا نہیں؟ اس کے لئے انھوں نے مجھے آج رات تک وقت دے رکھا ہے۔ ‘‘
’’خیر تم ماہر معاشیات ہو ‘ خوب سمجھتے ہو۔ یہاں ہمیشہ انسان اور دولت ایک دوسرے سے بر سر پیکار رہے ہیں۔ تم کسی ایک کا چوائس نہیں کرسکتے۔ تمہیں ذہانت کے ساتھ زندہ رہ کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔میں تمھارے ساتھ ہوں۔ ہم مل کر مقابلہ کریں گے۔‘‘
معصوم کیترین مسلسل بولے جا رہی تھی۔
’’اچھا سنو ہمارا ایک مشترکہ دوست زی چیاؤ جو میرے ساتھ یہیں یونیورسٹی میں ڈاکٹریٹ کر رہا تھا ‘ووہان چلا گیا ہے۔‘‘
کیترین نے مجھے بتایا۔
میرا ماتھا ٹھنکا اور ذہن الجھنے لگا۔ زی چیاؤ تو ہماری ٹیم کا ممبر ہے وہ ووہان کیا کر رہا ہے۔کیا وہ بھی۔۔۔
فوراً ہی کال کے دوران میری طرف مسلسل بیب بجنے لگی۔کچھ گڑبڑ ہے۔ کیا گفتگو میں آڈنٹیٹی کوڈ استعمال ہوا ہے جو ’ووہان‘ کا لفظ سنتے ہی ریکارڈنگ پر چلا گیا ہے۔
میں رک گیا ۔’ آڈیو ٹروجن ؟؟’
میں نے خود سے سرگوشی کی۔
’’اچھا میں تمہیں کچھ دیر میں کال کرتا ہوں۔‘‘ یہ کہہ کر میں نے فوراً فون بند کر دیا۔
کال ریکارڈنگ پر چلی گئی تھی۔ یہ میری ڈیوائس کا کمال تھا جو کال ریکارڈنگ مطلع کر دیتا تھا۔
فون بند کر کے میں نے سرخ شراب سے چند گھونٹ حلق میں اتارے اور کرسی پر ٹیک لگا کر ریلیکس ہونے کی کوشش کرنے لگا اور خود کلامی کرنے لگا۔
’ سرخاب احمد خان۔۔۔ تمارے پاس دو آپشن ہیں۔ پہلا کہ غلام بن کر زندہ رہو اور انسانیت کو مار دو‘ دوسرا کہ باغی بن کر زندہ رہو اور ایکٹیویٹ ہو کر انسان دشمنوں کو مار دو۔ تمارے پاس یہی چند گھنٹے ہیں۔
انھوں نے مجھے ایک ڈیوائس دے رکھی ہے جس میں دو بٹن ہیں ۔ پہلا آپشن بٹن گرین۔ دوسرا سرخ۔۔ بارہ گھنٹے تک میں کوئی بھی بٹن اپنی مرضی سے دبا سکتا ہوں۔ اس کے بعد دونوں بٹن بے رنگ ہو جائیں گے۔جِس کا مطلب ہوگا کہ مجھے دی گئی سہولت ختم۔
اب عالمی چیپٹر اپنا فیصلہ خود صادر کرے گا۔
۔۔۔
میں گداز کرسی پر مزید نیچے سرک گیا۔
آج جب میں پیچھے مڑ کر اپنی زندگی کی طرف دیکھتا ہوں تو احساس کے ان بن مانگے لمحات کے آنگن میں جو پایا اس میں رنج و ملال سے کہیں زیادہ معصوم خوشیوں کے پوٹلیوں میں بندھے خزینے تھے جو ہم سب مل کر بھی ختم نہ ہونے دیتے ۔ بچپن میں اسکول سے واپس آنے اور ننھا سا پیٹ بھرنے کے بعد بھلا کام ہی کیا ہوتا۔ اب تو جو کچھ ہونا ہے وہ شام ہی کو ہوگا۔بھلے اسکول کاکام ہو یا اماں کی ڈانٹ پھٹکار۔ یہ چند گھنٹے ہمارے ہیں ‘ صرف ہمارے ہیں۔
سرخ اینٹوں والے گھر سے سجاد نکل آتا جسے ہر وقت فوجی بننے کا شوق ہوتا اور اِس شوق کی تکمیل میں ہمیشہ ایک ننھی سی چھڑی بغل میں دبائے رکھتا۔ کونے والے خستہ حال گھر سے بالے کو نکال لیتے۔ جس کے ہمہ وقت پاجامے کا آزار بند لٹکا نظر آتا۔ ہماری آواز سن کر بڑی حویلی سے بھی تین چار بچے لپک کر گلی میں نکل آتے۔ ان بچوں میں سب سے بڑی نفیسہ ہوتی۔نفیسہ ہم سب لڑکوں سے بس کوئی ایک دو برس ہی بڑی ہوگی لیکن قد آور ہونے کی وجہ سے ہمیشہ ہماری ماں بن جاتی۔ اسی کا حکم چلتا۔ یہ کھیل ہوگا۔ وہ نہیں ہوگا۔ ہر لڑائی کے بعد نفیسہ ہماری جج ہوتی۔ بھوک لگنے کی صورت یہی ہماری ماں بنتی اور ہم آوارہ زادوں کے لئے دانے دنکے کا بندوبست کرتی۔کسی گھر سے بچے ہوئے پراٹھے نکل آتے، کہیں سے پھل یا ماوُں کی چھپائی ہوئی کھِیل یا مونگ پھلی گجک۔ جب کچھ نہ ملتا تو کچی سبزیاں مولی گاجر کھیرے وغیرہ ہم معصوموں کی خوراک ہوتی۔ یہ چوری ہمارے گھر سے لے کر ہر اس گھر میں جائز ہوتی‘ جہاں جہاں تک ہم بچوں کی رسائی ہوتی۔ دوپہر بھر اپنی تنگ سی گلی میں وہ ادھم مچتا کہ خدا بھی شیطانوں کے چیلے آوارہ زادوں سے پناہ مانگتا نظر آتا۔
اُن دنوں بھی جب ہم سب ایک دوسرے کے پیچھے بھاگ رہے ہوتے میں اچانک رک کر کسی دیوار کے ساتھ گم سم سا لگ جاتا اور چشم تصور میں نفیسہ کے کندھوں سے نکلے کئی ایک ہاتھوں کو حیرت سے دیکھتا۔ میں دم بخود رہ جاتا‘ جب وہ بچوں کو چھڑی سے مارنے کے جرم میں اپنے ایک ہاتھ سے سجاد کے کندھے پر لگے سٹارز کو نوچتی اور دوسرے ہاتھ سے مجید کا آزار بند باندھ رہی ہوتی۔ تیسرے ہاتھ کو دراز کر کے چھت پر بیٹھے کبوتروں کو دانہ دنکا ڈالتی۔ جب میری طرف بڑھتی تو ماؤں کی طرح میرے سر پر پیار سے ہاتھ پھیرتی ہوئی نامعلوم محبتوں کا پیغام دیتی۔ میری درگا ماں!
نفیسہ کا خیال تھا کہ بچوں کو مارنے سے محلے سے پرندے اڑ جاتے ہیں ۔ اور جس محلے میں پرندے نہ ہوں وہاں رزق میں کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ رہے محلے والے‘ یہ کوئی محلے والے تھوڑی تھے ‘ بل کہ ایسے قبیلوں کے چشم و چراغ تھے جو صدیوں سے سفر کرتے اپنے اپنے قافلوں سے بچھڑ کر کسی ایک ایسی گلی میں جمع ہو گئے تھے ‘ جس کی فضا محلے کے پچھواڑے میں لہلہاتے کھیت کھلیانوں کی سوندھی خوشبو سے لبریز تھی۔
اسےقصبے کا آخری سرا سمجھ لیجئے۔ابتدا میں کسی کی آپسی جان پہچان نا تھی‘ لیکن ہماری آوارہ گرد زندگی کے بھرپور قہقہوں اور چھتوں پر بھاگنے دوڑنے سے محلے کی عورتیں ایسی شیر و شکر ہوئیں کہ محلے کو زندہ کر دیا۔
اب ایسے منفرد خوشیوں بھرے سماج کی اکائی ناتے غربت و افلاس میں بھی ہم نے خوب رنگ جمایا۔تاہم انجان رستوں میں معاشرتی و اخلاقی تہذیبی ارتقاء غیر محسوس تنزلی کی جانب رواں دواں رہا اور انھی خشک بادلوں کے سایہ تلے ہم سب جوان ہوتے چلے گئے۔
تب ہمارا قصبہ اچانک پھیلنے لگا اور اِس نے اپنا دامن ہم پر تنگ کر لیا۔ بچھڑنے کا موسم آگیا۔
میں دارالحکومت چلا گیا جہاں ملکی معیشت کے بنتے بگڑتے اعداد کی شمار نویسی میں مصروف کیا ہوا کہ رفتہ رفتہ’ترقی‘ کی منازل طے کرتے ہوئے سینئر عہدے کی زنجیروں میں قید ہو گیا۔
جہاں ہماری نسل نے فطری ارتقاء کے تقاضے پورے کئے وہیں پچھلی نسل نے اپنا سفر تمام کیا اور عدم کی راہ لی۔ دنیا بھر میں نِت نئی سائنسی ایجادات نے عالمی سماج میں تیزی پیدا کرکے انسانوں میں تقسیم کی نئی راہیں ہموار کر دیں۔ کہیں نسلی تو کہیں لسانی۔ مذاہب میں فرقے پہلے سے موجود تھے لیکن ان میں عدم تعاون اور عدم برداشت کے مادے نے سماجی چہرہ بدلنا شروع کر دیا ۔ ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست کے نیچے غلام ترقی پذیر ملکوں کا اندراج ہونے لگا اس سے نیچے غریب ملکوں کی ایک طویل فہرست بنتی چلی گئی۔ تب اکیسویں صدی کی پہلی دھائی کی ابتدا میں ایک حادثہ کو جواز بنا کر دنیا بھر کے نظام ہائے حکومتوں میں مرکزی مالی استطاعت پر استعماری اعداد و شمار کا نظام سر فہرست آگیا۔
انھی دنوں میں نے ویانا سے اپنی ڈاکٹریٹ کے بعد عالمی مالی ادارے کو جائن کر لیا تھا۔ چند برس یوں ہی گزر گئے ۔ تب ترقی کرکے ادارے کی ایک سینئر پوزیشن پر مشرق بعید کے ایک ملک میں تعینات ہوا ‘ کہ مجھے حکم ملا کہ فوراً نیو یارک پہنچو۔ اگلے دن میں نیویارک میں تھا۔ پوری دنیا سے کوئی دس ملکوں سے سینئر نمائندے میٹنگ ہال میں جمع ہوئے‘ جہاں سے ہمیں آدھے گھنٹے کی مسافت پر ایک دوسری بڑی سے عمارت میں لے جایا گیا جو چاروں طرف سے سیکورٹی کے حصار میں تھی اور بظاہر ویران و بیابان نظر آتی تھی۔ یہاں ہماری سیکورٹی دوبارہ چیک کی گئی ۔ نئے سرے سے بائیو میٹرک ہوا ۔ آنکھوں کی پتلیوں کی پہچان پر نئی آئی ڈی بنی اور ایک مخصوص ویکسین کے انجکٹ کرنے کے بعد خون کے نمونوں کا اندراج اس کوڈڈ آئی ڈی جو بظاہر ایک کوڈ بار اور میری تصویر پر مشتمل تھی پر درج کرکے نیا کارڈ سب کےحوالے کر دیا گیا جو آئندہ سے دنیا کے کسی بھی حکومتی یا خفیہ ادارے میں ہماری رسائی کا عالمی اجازت نامہ تھا۔
جب میٹنگ شروع ہوئی تو ہم سب سے باقاعدہ ایک عالمی حلف نامہ (نان ڈسکلوزر ایگریمنٹ) لیا گیا جس کے مندرجات میں سیکریسی اور عالمی معلومات کو خفیہ رکھا جانا مقصود تھا وہیں ایک آخری جملہ یہ بھی تھا کہ اگر کسی بھی وقت کسی فرد نے عالمی حلف نامے سے روگردانی کی تو عالمی چیپٹر کے صدر کو یہ اختیار ہوگا کہ اسے عبرت ناک سزا دے۔
ہمیں بتایا گیا کہ یہ سزا نئی زندگی ہوگی جو ’وائرس ایکٹیویشن‘ سے ہوگی۔غدار خود زندہ رہے گا لیکن موت کے تباہ کن و تیز ترین پھیلنے والے جرثوموں کا کیرئر ہوگا۔ اس کے قریب پھٹکنے والی ہر زندگی موت میں بدل جائے گی ۔ لاکھوں انسانوں میں بیماری پھیلانے کے بعد ایک مخصوص وقت کے بعد خود بھی انھی جرثوموں کے ہاتھوں عبرتناک موت کا شکار ہو جائے گا۔
حلف اٹھانے کے بعد مجھے یکلخت ایسا محسوس ہوا ‘ جیسے اعداد و شمار نے میری عقل و فہم کے غبارے سے ساری ہوا نکال دی ہو۔ جس عمل کی ابتدا میں اس قدر سیکریسی ہواور خوفناک مقاصد میں الٹے قدموں چلنے پر پتھر بن جانے کا احتمال ہو ۔ یقیناً یہ عمل منفی اثرات کا حامل ہے۔ مثبت اثرات کے لئے بنے ضوابط اس قدر مخفی سزا کے حامل نہیں ہو سکتے۔ یہی پہلا خیال ذہن میں کوندا۔
میٹنگ ختم ہونے کے بعد ہم سب حلف یافتہ عالمی افسران کو دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلا دیا گیا کہ اب اس سارے عمل کا فیز ٹو لاگو ہوگا۔ وہ کیا ہوگا ابھی مخفی تھا۔ میرے حصہ میں جنوب مغربی ایشیا کے مالی معاملات کے مستقبل کا پلان تھا ۔اُس دن سے میرے دل میں بغاوت کا ایک طوفان برپا ہو چکا تھا۔
میں انسان ہوتے ہوئے سرمائے کا غلام بن چکا ہوں میرے لئے یہ قابل قبول نہ ہوا۔
اچانک میرے فون میں ایک پیپ ہوئی جو مجھے اپنے خیالوں سے باہر کھینچ لائی۔ یہ کیترین کا کوڈڈ میسج تھا۔ میسج سکرین پر بار بار فلیش ہو رہا تھا ۔ میں نے روک کر اسے پڑھنا شروع کیا۔
’’ پیریگرائن نے چینی سمندری مچھلی کو جھیل ڈبلیو میں دبوچ لیا ہے۔‘‘
اوہ ۔۔ تو زی چیاؤ کو غدار قرار دے کر ووہان میں ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے۔
میرے لئے یہ ایک خوفناک خبر تھی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اِن کا پہلا غدار چینی نکلا۔
پہلے میں گمان اور یقین کی کشمکش میں تھا۔ اب اعتماد اور بھروسے کی دنیا میں لوٹ آیا ہوں۔ دنیا کا نقشہ عددی لحاظ سےمختصر ، عالمی دولت کی بڑھوتری لیکن پھیلاؤ میں محدود رکھنا اور معاشی لحاظ سے وسائل کی تقسیم پر مکمل اجارہ داری ہی ان کا مکمل فلسفہ حیات ہے۔
ان کے لئے انسانی حیات بےکار شے ہے اس کی سرمائے کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔
میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھانے لگا۔ کیا اسی دن کے لئے میں نے اپنے آدرش پالے تھے ۔ کیا یہی وہ میرا سماجی اخلاق ہے کہ میں نفیسہ اور کیترین کو زندگی سے نکال دوں۔ اپنی درگا ماں کو بھول جاؤں۔ اپنے قصبے اور شہروں کو بھول جاؤں جہاں میری پہچان میری زندگی ہے جو میری روح میں بالیدگی کا سامان پیدا کرتی رہی ۔ بھوک‘ کھیل کود ‘ بے سمت زندگی میں ماں نے میرا ہاتھ پکڑا ۔ آخر مجھےاِن لمحات کا ادھار کس سے چُکتا کرنا ہے؟
کون ہے جو اِن عالمی اعداد و شمار کو شفاف بنا کر انسان کے حق میں کر دے گا؟
میری آنکھیں بھرانے لگیں اور شفاف موتی گالوں پر بہنے لگے۔ میں نے ایک جھٹکا لے کر سرخ شراب کے پیمانے کو حلق میں انڈیل لیا اور چیخ اٹھا۔
میں ہوں ۔۔ صرف میں ہوں میری ماں ۔۔۔
یہ میں ہوں میری ماں ! مجھے انسان رہنا ہے۔۔۔ انسان کو بچانا ہے۔
میں نے ماں کے ہیولے کو ابھی اپنے اطراف میں دیکھا ہے۔۔۔
وہ رہی۔۔۔
درگا ماں کو دیکھتے ہی میں نے غلامی کے سنہرے طوق کو گلے سے نوچ کر اتار پھینکا۔
فطری آزادی انسانی زندگی کی معراج ہے۔
میں نےماں کے محبت بھرے لمس کو محسوس کرتے ہوئے سرخ آپشن کا بٹن دبا دیا۔
۔۔۔۔