داعی پور کی یادیں

داعی پور کی یادیں

Mar 14, 2018

گنگا کی لہروں پہ پھیلی لال شفق کی چنری،

دیدبان شمارہ ۔۷

داعی پور کی یادیں

(یادیں رفتگاں )

عذرا قیصر نقوی 

گنگا کنارے

گنگا کی لہروں پہ پھیلی لال شفق کی چنری،

ٹیلے اوپر گا ؤں ںاوڑھے دھندلی سوتی شام

سادھو برگد کے سائے میں، مسجد کرے تیمم

گھر دوارے کھلیان میں ڈولے ایک آذان ترنم

پیپل تلے ، پرانے مندر میں ، پوجا کے پھول

قبرستان میں کھڑے ہوئے ہیں بیری اور ببول

یہ  میری ایک نظم کے چند مصرعے ہیں جن میں یوپی کے ضلع فرخ آباد میں ، گنگا کنارے بسے ہوئے میرے ننھیالی گاؤں، داعی پور کی یادیں ایک بھولی بسری شام کی منظر میں ڈھل گئی ہیں ۔ کہاں سے شروع کروں اس دیار کی بات جو بچپن میں ہمارے لئے ایک طلسمی سی جگہ تھی جہاں ہم چھٹیاں گذارنے جایا کرتے تھے۔ گنگا کنارے ایک ٹیلے پر ہمار ا ننھیالی گھر تھا۔ کوئی حویلی نہیں تھی بس بڑا سا گھر تھا ۔کچھ پختہ اینٹوں کا بنا ہوا کچھ کچی مٹی کی دیواروں سے بنا ہوا کھپریل کی چھت والا ۔ باہرمردانہ مکان ایک طویل کمرے اور ملحق کوٹھری ،اور اس کے سامنے کھپریل کی چھت والے برآمدے اور اس کے پشت پر خاندانی مسجد پر مشتمل تھا۔ برآمدے اور کمرے کی ایک کھڑکی گنگا کے رخ کھلتی تھی جہاں سے گنگا دن کے مختلف پہروں میں روپ بدل بدل کر اپنی چھب دکھلاتی تھی۔ مردانے گھر کے سامنے ایک اینٹوں کا چبوترہ گھنے نیم کے پیڑ کے نیچے سکون سے بسیرا کرتا تھا۔ کافی دور ، ایک اور گھنے درخت کے نیچے بھینسوں اور بیلوں کا ٹھکانہ تھا ۔ ڈیوڑھی پار کے کرے زنانہ مکان تھا کچھ کچا اور کچھ پکا تھا۔ گنگا کا نظارہ کرنے کے لئےعورتوں اور لڑکیوں کو چھت پر جانا ہوتا تھا جس کی اجازت کم ہی ملتی تھی۔ لیکن ا کثرچاندنی راتوں میں گھرکی خواتین اور بچیاں گنگا میں جاکر پانی میں کھیلتیں، نہاتیں بھی تھیں۔ اس وقت گا ؤں  کا کوئی مرد یا لڑکا وہاں پھٹکتا بھی نہ تھا ، کیونکہ میاں کے گھر کی عورتیں جو آئی ہوئی ہوتیں۔ ہمارے نانا گاؤں  میں میاں کے نام سے جانے جاتے تھے۔

مجھے یاد ہے جب ہم اپنے گھر کے اونچے ٹیلے سے گنگا تک جانے کے لئے اترتے تھے تو پیپل کا ایک گھنا درخت ملتا تھا ، جس کے نیچے ایک چھوٹا سا مندر تھا، مندر کیا تھا بس چند اینٹوں سے گھری لپی پتی زمین پر ایک مورتی تھی ، جس پر ہمیشہ گیندے کے پھول موجود رہتے ، شام کو دیا بھی جلتا تھا۔مغرب کی آذان کا آواز ، یہ جلتا دیا ، اور گنگا پر پھیلی ہوئی شفق سب کچھ مل کر سحر آگیں سماں لگتا تھا جو آج تک میرے ذہن و دل پر نقش ہے۔

ہمارے خاندانی شجرے کے مطابق ہمارے نانا کے آبا و اجداد ، ترمذ سے ہندوستاں آئے تھے۔ وہ امام زین العابدین کے صاحب زادے حسین اصغر کی اولاد میں سے تھے۔ کہتے ہیں کہ ہمارے نانا کے مورث اعلی سید حسن بندگی سولھویں صدی میں ہندوستان آئے تھے،فرخ آباد اور کانپور کے درمیان قنوج سے تھوڑی دور قیام کیا ا ور یہاں ایک خانقاہ تعمیر کی ۔آس پاس کے رہنے والوں نے انھیں ہاتھوں ہاتھ لیا ، اور ان کے علم سے فیض یاب ہونے لگے۔یہ خانقاہ آج بھی اجڑی ہوئی شکل میں داعی پور میں موجود ہے۔بچپن میں داعی پور کا سفر اپنی جگہ ایک ایڈونچر ہوتا تھا۔ علی گڑھ سے کانپور جاتے تھے ٹرین سے ، پھر چھوٹی لائن والی ریل میں بیٹھے تھے ، ارول مکن پور کے اسٹیشن پر اترتے تھے، جہاں ٹرین صرف ایک یا دو منٹ ٹہرتی تھی، وہاں سے اپنے گھر تک کاسفر بھی بہت دلچسپ ہوتا تھا۔ ہمارے ننہال کے خاندان کے ایک منتظم اعلی تھے جن کو ہم نذیر ماموں کہتے تھے، وہ بہلی یا بیل گاڑی میں رنگین چھپی ہوئی چادروں کے پردے بندھوا کر لاتے تھے، یہ چادریں جازم کہلاتی تھیں ۔گا ڑی میں کچھ موٹے موٹے گدے بھی بچھوا دیتے تھے تاکہ راستے کے ہچکولوں سے پریشانی نہ ہو۔ہم لوگ پردے اٹھااٹھا کر راستے بھر جھانکتے رہتے۔ اسٹیشن سے کچھ دور تو پکی سڑک تھی ، پھر گاوں جانے کے لئے کھیتوں کے درمیان سے گذرتا ہوا کچا ، اوبڑکھابڑراستہ تھا۔ راستے میں جب پرانی خانقاہ نظر آتی تو گویا یہ اشارہ تھا کہ اب گھر قریب آگیا ہے۔یہی ہمارے خاندان کے مورث اعلی سید حسن بندگی کی خانقاہ تھی۔گاوں کے اطراف کھیتوں میں کام کرتے ہوئے لوگِ پیار سے نذیر ماموں سے کہتے ” اچھا بیٹیا اور بچے آئین ہیں، کاہے ، مہمان نہیں آئے“ مہمان یعنی ہمارے ابا جان ، ، مہمان یوپی کے گاوں میں داماد کو کہا جاتا ہے۔

ہمیں یاد ہے کہ ایک بار نذیر ماموں ہمیں اسٹیشن لینے ،آئے تو سفید براق دھوتی اور ململ کا کرتا پہن کر آئے ، پکے لالہ جی لگ رہے تھے۔ ہمیں بہت عجیب لگا ، وہ گھر عموما کرتہ پاجامہ پہنتے تھے، خاص موقع پر شیروانی پہنتے ہم سوچ میں پڑ گئے کہ یہ وہ ہی نذیر ماموں ہیں کیا کوئی اور ہے۔ ہمارے ان ماموں کی شخصیت بھی خوب تھی ، گاؤں  والوں کے ساتھ پوربیا بولتے ، گھلے ملے رہتے ، آتے جاتے کسی گاوں کی کسی بھوجائی یا چاچی سے ، بے ضرر سا مذاق کرتے ،کسی کاہل لڑکے کو ڈانٹتے پھٹکارتے ،گھر اور کھیتی باڑی کا کام سنبھالے رہتے ۔جب کوئی معززشہری مہمان آتا تو نہایت گاڑھی اردو میں نستعلیق قسم کی گفتگو بھی کرتے تھے ۔ ، محرم میں وہ اپنی پاٹ دار آواز میں مر شیہ پڑھتے ۔ووہی ہم لوگوں کے لئے جھوا یعنی ٹوکری بھر بھرکر ککڑیاں ، کھیرے، خربوزے لاتے ، بڑے بڑے تربوز کندھے پر رکھ کر لاتے۔ ہاں یاد آیا ، ہمارے گھر میں تربوز نہار منہ کھانے کا رواج تھا۔ ماموں ہی بچوں کو بھڑبھونجے کی دکان پر لے جاتے جہاں گرم ریت میں چنے اور مکئی کے دانے بھنواتے۔ گاؤں  کی گلیوں کی سیر ہمارے بھائیوں کے قسمت میں زیادہ لکھی تھی۔ دس بارہ سال کی عمر میں لڑکیوں کو یوں گاؤں میں گھمانا معیوب سمجھا جاتا تھا۔ گاوں کے میں ہمارے گھر کا اطراف چھپر کی چھت والے ، گوبر اور چکنی مٹی سے لپے پتے چھوٹے چھوٹے گھر تھے، جن کے سامنے نیم یا بکائن کے درختو ں کے نیچے گائے یا بھینس بندھی ہوتی تھی۔ چھپر سے ایک لالٹین لٹکی ہوتی تھی، جانے دیجئے ان یادوں کی گلیوں میں نکل گئی تو جانے کہاں سے کہاں پہنچ جاوں گی ۔

ہمارے گنگا کنارے اس گاوں میں مخلوط آبادی تھی، وہان مسلمان درزی، ہندوکوری یعنی کپڑا بننے والے، ہندو کاچھی یعنی سبزی اگانے والے رہتے تھے، ہمارے گھر سے کچھ دور ، قبرستان کے بعد کچھ اور آبادی تھی جہاں مسلمان مالی اور بنجارے رہتے تھے۔ لیکن ہمارے گھر کی محرم کی مجالس میں سب شامل ہوتے تھے۔ محرم میں مردانے حصے والے کمرے میں چھوٹا سا امام باڑہ سجا دیا جاتا تھا۔

ٍ مجھے یاد ہے کہ داعی پور میں دیوالی پر رامیشور چچا کے گھر سے بید سے بنی رنگین ڈلیوں میں بھر کر، کھیلیں، بتاشے اور شکر کے بنے ہوئے کھلو نے آتے تھے جو ہم بہت شوق سے کھاتے تھے۔ شکر کے یہ کھلونے، رتھ ،اور مورتیوں وغیرہ کی شکل کے بنائے جاتے تھے۔ ہولی پر گاوں والے ہولی ملنے آتے تھے، بزرگوں کے پاوں میں تھوڑا سا گلال لگاتے تھے، گاؤں میں کہیں دور ، بھنگ پی کر خوب ناچ گانا ہوتا تھا ، ڈھول کی آوازیں آتی تھیں، لیکن ہم لوگوں کو وہاں جانے کی اجازت نہ تھی۔ محرم کی ساتویں تاریخ کو گاوں کی ہندو خواتین ، علم سے چھوا کر منت کا لال دھاگا اپنے بچوں کو پہناتی تھیں، شام کو نانے بابا جب مسجد سے مغرب کی نماز پڑھ کر نکلتے تو اکثر کوئی نہ کوئی عورت اپنے کسی بیمار بچے کو لئے کھڑی ہوتی کہ میاں اس پر دم کردیں گے ، تو وہ اچھا ہو جائے گا۔یہ بھی کمال کی بات تھی ، کہ ہمارے نانا کے استری کلف والے کپڑے جو دھوبی کے گھر سے دھل کر آتے تھے ، ان کو گنگا میں تین بار غوطہ دےکر پاک کیا جاتا تھا۔

ہماری امی سیدہ فرحت بتاتی تھیں کہ تقسیم ہند کے وقت ، فسادات کے دوران ،دہلی سے ہمارے خالائیں اور دیگر خواتین داعی پور بھیج دی گئی تھیں، گاؤں  والو ں نے پورا یقین دلایا کہ میاں کے گھر پر کوئی ٹیڑھی نظر بھی نہیں ڈال سکتا ، اور یہ ہی ہوا۔ سب امن و امان رہا۔ گنگا کنارے ہمارے اس گاؤں  میں کوئی برات آتی یا جاتی تھی تو دولہا، سج دھج کر میاں کے دروازے پر سلام کرنے آتا ، نانا بابا اس کو دعا دیتے سلامی کے روپے دیتے ۔یہ روایت ہم نے اپنے بچپن تک دیکھی تھی ۔ ایک بار کوئی بارات جارہی تھی، دولہا نئے زمانے کا تھا، اس سے کہا میں کیوں کسی کے دروازے سلام کرنے جاؤں، یہ سن کر ہمارے نانا بابا خود چل کر اس کے گھر گئے، اور اس کے سرپر ہاتھ رکھ کر دعا دی ۔سلامی کے روپے دئے، اس نے جھک کر پیر چھوئے۔ حالانکہ نانے بابا پیر چھوانے سے بہت گھبراتے تھے۔

ان یادوں میں ہر کردار اپنی جگہ بہت اہم ہے ، ایک عہد کی تاریخ کا منظر نامے کی ایک اہم تصویر ہے لیکن ایک بہت منفرد، دلچسپ شخصیت تھی ہمارے بڑ ے بابا کی ۔ بچپن کی یادوں کی طلسمی دنیا سے ، باہر نکل کر اب سوچتی ہوں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بڑے بابا ، تو جیتے جی ہی ایک داستان کی کردار لگتے تھے۔۔ان کی یادوں کے بہت سے مونتاژ ہیں جن کو جوڑ کر ایک تصویر بنانے کی کوشش کر رہی ہوں ۔ہم نے بڑے بابا کو اپنے بچپن میں ذرا کمر خمیدہ ہی دیکھا تھا۔ اس زمانے میں تصویریں کھنچوانے کا رواج تو زیادہ نہیں تھا، لیکن ان کی جوانی کی ایک دھندلی سی تصویر تھی جس میں وہ شان سے ایک کرسی پر شیروانی پہنے براجمان ہیں، پیچھے جازم کا پردہ تانا گیا ہے، جازم چھپی ہوئی رنگین چادر ہوتی تھی جو اس زمانے میں درمیانی طبقے کے خاندانوں میں فوٹو لیتے وقت ، پیچھے بیک ڈارپ کا کام کرتی تھی جب ہم نے، اپنے کالج کے زمانے میں خواجہ احمد عباس کی فلم آسمان محل اپنے کالج کی زمانے میںدیکھی جس میں پرتھوی راج کپور نے ، ایک زوال پذیر نواب کی کردار نبھایا تھا، تو ہمیں اور ہمارے دیگر کزنز کویہ لگا کہ جیسے بڑے بابا اپنی جوانی میں کچھ ایسے ہی رعب داب والے ہوں گے۔ اب بھی وہ بہت گرجدار آواز والے تو تھے ہی۔

مردانہ مکان کے برآمدے کے ایک سرے پر بڑے بابا کا تخت رہتا تھا۔ اس کے سامنے والی الماری میں ان کی کچھ کتابیں ، کاغذا ت ، وغیرہ۔ یہ تخت ان کی آماجگاہ تھا، صرف کھانے ناشتے کے وقت اندر زنانے میں جاتے تھے، ڈیوڑھی سے کھنکارتے ہوئے۔ گھرکی لڑکیا ں بالیاں ، سرپر ڈھک لیتی تھیں۔ حالانکہ وہ بہت سخت گیر نہیں تھے لیکن رعب داب تو بزرگوں کا ہوتا ہی تھا۔ لیکن ہمارے رشتے کے ایک ماموں رضا مہدی ، جو ہمارے ہم عمر ہی تھے اور بچپن کا ایک بڑا حصہ انھوں نے بڑے بابا کے ساتھ گذارا تھا، وہ تو گویا ان کے خاص دوست تھے۔

ہماری امی نے بتاتی تھیں کہ بڑے بابا ان کے تایا ہیں ، ان کی شادی یوپی کے ایک تعلقدار خاندان میں ہوگئی تھی ۔ ان کی بیوی اپنے دالد کی اکلوتی اولاد تھیں ، صاحب جائداد تھیں ، تو طے یہ ہوا تھا کہ وہ اپنی سسرال میں ہی رہیں گے۔ تعلقدار گھرانے کے طور طریق بڑے بابا کی آزاد اور سادہ طبیعت کو راس ہی نہیں آئے۔مال و دولت کا انھیں لالچ نہیں تھا،۔ خدا کاکرنا یہ ہوا کہ ان کی بیوی اپنے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے بعد چل بسیں۔ بچوں کو نانی نے پالا پوسا ، اور بڑے بابا ، اپنے آبائی گاوں داعی پور چلے آئے اور آخر وقت تک وہیں رہے۔

اسکول کالج کی شکل انھوں نے کبھی نہیں دیکھی، لیکن اردو فارسی پر پوری دسترس ، اردو سے زیادہ فارسی شاعری کے دلدداہ ، اور فردوسی کے شاہنامے سے تو گویا انھیں عشق تھا۔ پورا زبانی یاد تھا، اور انھوں نے اس کا منظوم ترجمہ اردو میں بھی کیا تھا۔ اور کمال یہ ہے کہ جس بحر میں فردوسی نے لکھا تھا ، اسی بحر میں منظوم ترجمہ تھا۔ ان کے عم زاد بھائی ڈاکٹر عابد حسین نے اس مکتبہ جامعہ سے شائع بھی کروایا تھا۔ مگر افسوس کہ تقسیم ہند کے پُر آشوب دور میں جب قرول باغ میں جامعہ ملےہ اسلامیہ کی عمارات اور لائبریر ی اور مکتبہ جامعہ کو فسادیوں نے نذر آتش کیا تو اور بہت سی بیش بہا کتابوں کے ساتھ یہ ترجمہ بھی جل کر خاک ہوگیا۔ لیکن بڑے بابا کے پاس اس کا قلمی نسخہ ، خودان کی بیش بہا خوش خطی میں موجود تھا۔ اس کے بعدان کی زندگی کا ایک خاص مشغلہ یہ تھا کی اس بوسیدہ مسودے میں ترمیمات اور تصحیح کرتے رہتے تھے۔ انھوں نے اپنی چھوٹی سی قینچی سے سفید کاغذ کے ، اس مسودے میں لکھے اشعار کے مصرعوں کے سائز کے پرزے کاٹ لئے تھے۔ جس پر وہ تصحیح شدہ ، مصرع ، سرکنڈے کے قلم سے لکھ کر بہت صفائی سے چپکا دیتے تھے۔ وہ خود بھی شاعری کرتے تھے ۔ لیکن بہت کم لوگوں کا سعادت حاصل ہوتی تھی کہ وہ ان کا کلام سنیں۔ بڑے باباکا تخلص حشم تھا ، جو ان کی شخصیت سے میل کھاتاتھا۔ ۔اردو شاعری میں وہ میر کے متعقد تھے۔ کہتے تھے کہ یہ کیا ہر وقت غالب غالب کا چرچا ہے، وہ کہتے کہ یہ دیکھو تمہارے غالب صاحب نے کیا کہا ہے۔” ہے کہاں تمنا کا دوسرا قدم یارب، ہم نے دشت امکاں کو ایک نقشِ پا پایا “ لا حول ولا قوة کیا پیپنی بجائی ہے پا پایا ۔ پھر وہ میر کے سہل ممتنع والے اشعار سناتے ۔

جب ہم نے انھیں دیکھا اس وقت بڑے بابا وہ گھر کی مجالس عز ا میں وہ خود تحت الفظ مرثیے نہیں پڑھتے تھے۔ انکے چھوٹے بھائی پڑھتے تھے، اور اکثر شدت گریہ سے مغلوب ہوجاتے تھے تو بڑے بابا خفا ہوجاتے ، کیا عورتوں کی طرح رونا دھونا کر رہے ہو، میاں مردوں کی طرح پڑھو۔ ایک بار مجھے یاد ہے کہ ہمارے نوجواں رضا ماموں کو میر انیس کا مشہور مرثیہ، گھر کی ایک مجلس عز ا میں پڑھنے کے لئے منبر پر بٹھایا گیا، یہ بھی تربیت کاایک حصہ تھا۔ یہ بتاتی چلوں ، کہ گھر کی اس مجلس میں گھر کے مرد ، عورت اور بچے ہوتے تھے ، اور باہر برآمدے میں گاؤں کی کچھ غیر مسلم عورتیں اور مرد بھی بیٹھ کر سنتے تھے ۔سات محرم کو یہ عورتیں اپنے بچوںکو منت کا دھاگا پہناتی تھیں علم کے نیچے سے نکالتی تھیں۔ اس لئے نذیر ماموں ، نجم آفندی کے تصنیف کردہ، ہندی اور اودھی او زبان کے نوحے بھی پڑھتے تھے۔ ہاں تو بات ہورہی تھی ، رضا ماموں کے مرثیہ پڑھنے کی، انھوں نے پہلا ہی مصرع پڑھا۔ نمک خوان تکلم کے فصاحت میری ، ان کی آواز ذرا کمزور سی تھی۔ وہیں فرش عزا پر بیٹھے بڑے بابا ، سے نہ رہا گیا ۔ ” امے، میاں یہ کیا ، عورتوں کے سے انداز میں پڑھ رہے ہو“ ، نقل اتارکر خود عورتوں کی سی آواز بنا کر مصرعہ پڑھا اور پھر گرجدار آواز میں پڑھ کر بتایا کہ یوں پڑھو۔

رضا ماموں کو اور اپنے ملازم کے چھوٹے بیٹے مودو کو، جسے وہ اپنی اولاد کی طرح عزیز رکھتے تھے ، تحت الفظ مرثیہ پڑھنا یوں سکھاتے تھے، ” دیکھو ! یہ مصرع ہے ،” تسلیم کی، فرس پہ چڑھے، باگ لی، چلے“ وہ ہر ہر لفظ کی ادائیگی واضح طور کرتے ، اس سے متعلق ہاتھوں کی حرکات سے بھی لفظ کی ترجمانی کرتے تھے، پوری اداکاری کےساتھ ۔ ان کے ملازم مودو کی ذکر آیا تو ایک دلچسپ قصہ یاد آگیا۔ مودو کو وہ فردوسی کا شاہنامہ بھی سنایا کرتے تھے اور یاد کروانا چاہتے تھے، اس بے چارے نے کچھ اشعار یاد بھی کرلئے تھے، ایک دن مودو، برآمدے کے کونے میں بیٹھا ان کے حقے کی چلم بھر رہا تھا،شاہنامے کابند پرھنے لگا ” چو فردو بے تابد ، بلند آفتاب۔ من و گرز و میدان و افراستاب“ اور فورا ہی اپنی ترنگ میں گانے لگا”۔ جیا بے قرار ہے ،چھائی بہار ہے ، آجا مورے بالما تیر ا انتظار ہے“ ۔ اوہو! بڑے بابا کاغصہ دیکھنے قابل تھا۔ گالی گلوج وہ کبھی نہیں کرتے تھے۔ ” نامعقول ! لاحول ولا قوة۔ جاہل مطلق ، فردوسی کے شاہنامہ کے ساتھ یہ لچر گانے۔واہیات ۔ “ واہیات ان کا تکیہ کلام تھا۔

یہ نہیں کہ بڑے بابا صرف شاہنامے اور شاعری میں ڈوبے رہتے تھے۔ نماز و روزے کے پابند تھے ۔ بچوں سے بھی خوب باتیں کیا کرتے تھے۔ رضا ماموں کے لیے خود اپنے ہاتھوں سے پتنگ بناتے تھے۔ ان کے ساتھ اڑاتے تھے، اللہ میاں سے ان کا تعلق تو جیسے دوستانہ تھا۔ ایک بار جاڑے کی سہ پہر کو رضا ماموں کےساتھ پتنگ اڑا رہے تھے۔ عصر کی نماز کا وقت تنگ تھا، کسی نے کہا میاں نماز کا وقت نکل جائے گا، مگر وہ پتنگ کے کسی داؤ  پیچ میں الجھے تھے، نماز کی بھی فکر تھی، ڈھلتے سورج کی طرف دیکھ کر کہتے جاتے ” آج اللہ میاں کو بھی جلدی ہے، ذرا رک کے سورج ڈھل جاتا تو کوئی مضائقہ تھا“ ۔ایک بار بہت تیز ہوا چل رہی تھی ، ان کی ٹوپی اڑی جارہی تھی، وہ نماز پڑھنے جار ہے تھے۔بس روٹھ گئے اپنے اللہ میاں سے ” اچھا اب آپ ہوا ہی چلا لیں، ہم نہیں پڑھتے ابھی نماز۔ جیسی آپ کی مرضی “ ۔

وہ بہت سی باتوں میں اپنے وقت کے بزرگوں کے مقابلے میں بہت روایت شکن تھے ، میری والدہ سیدہ فرحت کا بچپن ہی سے شاعر ی کی طرف رجحان تھا۔ ہماری امی کی دادی کو بہت پریشانی رہتی تھی کہ لڑکیوں کو شاعر ی وغیرہ سے کیا لینا دینا، ان کے خیال میں یہ دماغی خلل تھا، لیکن بڑھے بابا ہی تھے جنھوں نے امی کی ہمت افزائی کی اور امی ایک بہت اچھی شاعرہ بنیں ۔ امی بتاتی ہیں کہ ایک بار ذکر ہو رہا تھا کہ خاندان میں ابنارمل بچہ پیدا ہوا ہے۔ بڑے بابا بہت غصے سے بو لے ” اورکرو ، خا ندان میں آپسی رشتہ داریوں میں شادیاں، ایسے بچے تو کیا ، بم کے گولے نہیں پیدا ہوں تو حیرت ہے۔“

گنگا کنارے بسے اس گاؤں سے اب رشتہ ہی ٹوٹ گیا۔ اب ایک عرصہ ہوا وہاں جانا ہی نہیں ہوا، پوراخاندان ہی بکھر گیا، ہمارے گھر کے ایک پرانے ملازم کا بیٹا جس کو نانا بابا نے کچھ زمین دے دی تھی ،اب بھی وہاں تربوز اگاتا ہے، وہ جب دہلی اپنے تربوز ٹرک میں لاد کر منڈی میں لاتا ہے تو ، کم از کم اپنے موبائل سے فون ضرور کرلیتا ہے۔ گاوں کا نقشہ یقینا بدل گیا ہوگا، لیکن ہمارے دلوں میں تو وہی گنگا کا کنارے بسا ہمار ا طلسمی سا گاؤں ہے۔ایسے یادوں کے نگر آپ کے دل میں بھی بسے ہوں شاید۔

٭٭٭

خریدیں

رابطہ

مدیران دیدبان

مندرجات

شمارہ جات

PRIVACY POLICY

Terms & Conditions

Cancellation and Refund

Shipping and exchange

All Rights Reserved © 2024

خریدیں

رابطہ

مدیران دیدبان

مندرجات

شمارہ جات

PRIVACY POLICY

Terms & Conditions

Cancellation and Refund

Shipping and exchange

All Rights Reserved © 2024

خریدیں

رابطہ

مدیران دیدبان

مندرجات

شمارہ جات

PRIVACY POLICY

Terms & Conditions

Cancellation and Refund

Shipping and exchange

All Rights Reserved © 2024