امتیاز خان، پونے- انڈیا

۲۰ جنوری، ۲۰۲۴

تعارف : امتیاز خان

اردو ادب میں اپنے قلم کے بوتے پر شناخت رکھنے والے امتیاز خان مہاراشٹر کے ایک چھوٹے شہر اگت پوری میں پیدا ہوئے لیکن ان کی پوری پرورش اور ادبی تربیت دارالسرور کہلانے والے ہندوستان کے مشہور علمی، ادبی، اور ثقافتی شہر برہان پور میں ہوئی ـ موصوف نے افسانے کے علاوہ شعر و سخن میں بھی اپنے جذبات کی ترجمانی کی ـ آپ سینما سے بھی وابستہ رہے اور کئی فلم پروڈکشنز کے لیے کام کیا، شارٹ فلمیں لکھیں اور کئی کے مکالمے تحریر کیے ـ آپ کی تخلیقات بیسویں صدی، اسباق، شمع اور ادب عالیہ وغیرہ رسائل اور کئی ہندوستانی اردو اخبارات میں پابندی شایع ہوتی رہی ہیں ـ آپ ادبی جلسوں، سیمنار اور کلچرل تقریبات میں کثرت سے شریک رہتے ہیں ـ موصوف کی ایک نظم پر ایک شارٹ فلم بھی بن چکی ہے جس کے مکالمے خود امتیاز خان ہی نے لکھے تھے ـ اب تک آپ کی کوئی کتاب منظر عام پر نہیں آئی لیکن جلد ہی ایک ناولٹ، افسانوی مجموعہ اور ایک شعری مجموعہ شایع ہوگا ـ پیشے سے آپ انٹیریئر ڈیزائنر ہیں اور سردست پونہ میں مقیم ہیں ـ